وزارت خزانہ

انکم ٹیکس کا محکمہ آئے کر دوس 2019 منا رہا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 JUL 2019 8:06PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی، 23 جولائی/ براہ راست ٹیکسوں کا مرکزی بورڈ یعنی سینٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) اور اس کے تمام فیلڈ دفاتر 24 جولائی، 2019 کو 159 واں انکم ٹیکس دن یعنی آئے کر دوس منا رہے ہیں۔ برطانوی حکومت سے لڑی گئی پہلی جنگ آزادی میں ہوئے نقصان کی تلافی کے لئے 24 جولائی، 1860کو  سر جیمس ولسن کے ذریعہ بھارت میں پہلی بار انکم ٹیکس متعارف کرایا گیا تھا،  اسی لئے یوم انکم ٹیکس 24 جولائی کو منایا جا تا ہے۔

            ہفتہ بھر چلنے والے آئے کر دوس 2019 کے دوران ملک بھر میں محکمہ کے ریجنل دفاتر میں متعدد سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ متعدد فیلڈ دفاتر ٹیکس دہندگان کے لئے زیر التوا  پریشانیوں کا ازالہ کرنے کی غرض سے شکایات کا ازالہ ہفتہ / پندرہواڑہ منعقد کریں گے۔ چند فیلڈ اسٹیشنوں نے لوکل ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ٹیکس دہندگان کے لئے مفت قانونی مدد مہیا کرائی۔ کچھ اسٹیشنوں پر ٹیکس دہندگان کی خدمات کو بہتر بنانے  اور ڈیجیٹل اطلاعات کو نمایاں کرنے کے لئے ڈیجیٹل کیوسک سرگرم عمل رہے ہیں۔ متعدد فیلڈ اسٹیشن ملک  و قوم کی تعمیر میں تعاون کے لئے سپر سینئر ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرانے کے لئے کام کر رہے ہیں،جبکہ محکمے کے افسران اور اہلکار مختلف شعبہ ہائے کام میں سخت محنت انجام دے رہے ہیں۔ محکمہ ایک  ”کر داتا ای۔ سہیوگ ابھیان“ بھی منعقد کرے گا، جو کہ ٹیکس دہندگان اور دیگر شراکت داروں کو ان کی ریٹرن ای۔ فائل کے ذریعہ داخل کرنے میں مدد کرے گا اور ٹیکس سے متعلق دیگر معاملات کو نمٹائے گا۔

             ٹیکس کی ادائیگی کو فروغ دینے اور تمام شہریوں کے ذریعہ ٹیکس کی ادائیگی کو ایک اخلاقی ذمہ داری کا احساس دلانے کے لئے متعدد پروگرام منعقد کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹیکس اہلکاروں کے ذریعہ تعلیمی اداروں کے دورے، بار کے ممبران  اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ایسوسی ایشنوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ عوامی ملاقاتیں کی گئیں۔ متعدد فیلڈ اسٹیشنوں نے ٹیکس کی ادائیگی اور قوم کی تعمیر میں اس کی اہمیت کے موضوع پر اسکولی بچوں سمیت مضمون نویسی مقابلے، مباحثے، کوئز، نعرے اور کہانی نویسی مقابلے منعقد کئے ہیں۔ کچھ دفاتر نے ٹیکس کی ادائیگی کے لئے بیداری کو فروغ دینے کی غرض سے اسٹریٹ پلے / نکڑ ناٹک کا اہتمام کیا، جبکہ متعدد دیگر دفاتر نے  واکتھون / ٹیکستھون یعنی واک فار ٹیکسز منعقد کئے۔

            ٹیکس افسران اور اہلکاروں نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے، عطیہ خون کیمپ منعقد کئے اور اسپتالوں کے دورے کئے۔ انہوں نے اپنے دفاتر میں سوئچھتا مہموں کے علاوہ پبلک مقامات پر خود اپنے طور پر اور متعدد مقامات پر محکمہ جنگلات کے اشتراک و تعاون سے پود کاری مہموں میں حصہ لیا، بنجر زمینوں میں تخم کاری کے لئے ایک لاکھ بیج ڈالے۔ کچھ علاقوں میں محکمے کی جانب سے بارش کے پانی سے فصل اگانے کی پہل قدمی کی گئی۔ متعدد دیگر نے نہروں / گاؤوں اور اسکولوں کو صفائی ستھرائی اور پود کاری مہم کے لئے گود لیا۔

            فیلڈ دفاتر مقامی سطح پر آئے کر دوس، 2019 منا رہے ہیں جبکہ قومی سطح پر اہم تقریب 24 جولائی، 2019 کو نئی دلّی میں منعقد ہو رہی ہے، جس کی صدارت خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر محترمہ نرملا سیتھا رمن کر رہی ہیں۔ خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔ تقریب میں محکمہ جاتی مطبوعات، ای۔ جرنل، پبلسٹی کٹ برائے پروگرام اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

۔۔۔۔۔۔

U.3361


(ریلیز آئی ڈی: 1580025) وزیٹر کاؤنٹر : 118
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी