نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

ہمیں ملک دشمن قوتوں سے ہمیشہ خبردار رہنا چاہئے : نائب صدر جمہوریہ  ہند


’’اکیسویں صدی میں قومی سلامتی چنوتیاں‘‘ کے موضوع پر چوتھا آروی راجو میموریل لیکچر

Posted On: 24 JAN 2018 7:55PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔25؍جنوری۔نائب صدر جمہوریہ ہند، جناب ایم وینکیانائیڈو نے کہا ہے کہ ہمیں بھارت مخالف قوتوں سے ہمہ گیر طور پر خبردار رہنا چاہئے جو بھارت کو اس کے ترقی کے راستے سے ہٹا دینا چاہتی ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ ہند موصوف قومی تفتیشی ایجنسی یعنی این آئی اے کے زیر اہتمام ’اکیسویں صدی میں قومی سلامتی چنوتیاں‘ کے موضوع پر منعقدہ چوتھا آر وی راجو میموریل لیکچر دے رہے تھے۔ وزیر داخلہ جناب راجناتھ سنگھ ، داخلی اُمور کے وزیر مملکت جناب ہنس راج گنگا رام اہیر اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ بھارت میں قومی سلامتی ماحولیات کا دارومدار اس کی جغرافیائی خصوصیات، سماجی اور اقتصادی منظرنامے اور علاقائی و عالمی پیش رفتوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی چنوتیاں موٹے طو ر پر دو زمروں میں تقسیم کی جاسکتی ہیں ، جو داخلی چنوتیاں اور خارجی یا بیرونی چنوتیاں ہیں۔ یہ دونوں چنوتیاں ایک دوسرے سے باریکی کے ساتھ مربوط ہیں ۔ داخلی چنوتیوں میں ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی ، علیحدگی پسند تحریکات ، شورشیں ، تعصب اور فرقہ پرستی اور ماؤواد سے متعلق تشدد شامل ہیں۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ بھارت اب دنیا کی سب سے تیز رفتار سے ترقی کرنے والی معیشت بن چکا ہے اور اسے اپنی اس رفتار کو مزید تیز کرنا ہے تاکہ اپنے تمام شہریوں کو بنیادی روزی روٹی کے ذرائع اور بہترین مواقع فراہم کرسکے۔ وقت کی ضرورت یہ ہے کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ بھارت میں امن وامان برقرار رہے تاکہ ہمہ گیر ترقی کا عمل بھی جاری رہے اور اس میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ  پیدا ہو۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ اقوام متحدہ وقتاً فوقتاً ہر طرح کی عالمی دہشت گردی سے نبردآزما ہونے کیلئے مختلف النوع قراردادیں منظور کرتی اور اختیار کرتی رہی ہے۔ تاہم چند ایسے ممالک   ہیں جو اقوام متحدہ کے اراکین ہونے کے باوجود ان قراردادوں کو نظرانداز کرکے دہشت گردانہ تنظیموں کی پرورش کرتے رہے ہیں اور ان کو مدد دیتے رہے ہیں۔ اب عالمی برادری کیلئے وقت آگیا ہے کہ وہ اس طرح کی صورتحال پر توجہ مرکوز کرے اور اس طرح کے خاطی اراکین کے خلاف کارروائی کرے۔

نائب صدر جمہوریہ ہند نے این آئی اے کے ذریعے حال ہی میں کی گئی تفتیشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسند گروپوں کو سرمایہ کی فراہمی کہاں سے ہوتی ہے اس کی شناخت کرنے اور اس کے رہنماؤں کو شناخت کرنے کے کام کو اس ایجنسی نے بڑی کامیابی سے مکمل کرکے ان علیحدگی پسندوں کو کی جانے والے فنڈ کی سپلائی کو روک دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے اور ان کے ذریعے انجام دی جانے والی توڑ پھوڑ کی کارروائیوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ این آئی اے دہشت گردی کی سرمایہ کاری کی روک تھام کے تمام پہلوؤں پر توجہ مرکوز رکھے گی اور مؤثر طریقے سے دہشت گرد تنظیموں کو پہنچنے والی مالی امداد کا ہر راستہ بند کردے گی۔

U- 490


(Release ID: 1517745) Visitor Counter : 87


Read this release in: English