عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت

جموں و کشمیر میں کشتواڑ میں ایک مکمل ہوائی اڈہ قائم کیا جائے گا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ

Posted On: 16 JAN 2018 7:26PM by PIB Delhi

نئی دہلی،17/جنوری۔ جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں ہوائی جہازوں کے اترنے اور پرواز کرنے کے لئے ایک مکمل ہوائی اڈہ جلد ہی قائم کیا جائے گا، جس کے لئے شہر کے چوگان میدان سے متصل علاقے میں ایک ہوائی پٹی تعمیر کی جائے گی۔

اس بات کا انکشاف شمال مشرقی خطے کے محکمہ ڈی او این ای آر کے لئے ایم او ایس پی ایم او، عملے، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا۔ انھوں نے یہ انکشاف جموں و کشمیر ریاستی سرکار اور دفاعی افواج کے سینئر افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کے بعد کیا۔ یہ میٹنگ اس معاملے پر باریک بینی سے غور کرنے اور دیگر متعلقہ پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کے لئے منعقد کی گئی تھی۔

اس میٹنگ کا انعقاد دفاع کے وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش راما راؤ بھامرے نے کیا تھا اور اس میں جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب سنیل شرما نے بھی شرکت کی۔

ریاستی حکومت کی نمائندگی چیف سکریٹری جناب بھارت بھوشن ویاس اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری جناب روہت کنسل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی۔ اس میٹنگ میں جو لوگ ذاتی طور پر شامل ہوئے ان میں جموں و کشمیر سرکار کے کوآرڈنیشن کے پرنسپل سکریٹری جناب دھیرج گپتا، جموں کے سابق ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر مندیپ بھنڈاری اور کشتواڑ کے ڈپٹی کمشنر جناب انگریز سنگھ رانا شامل ہیں۔

دفاعی فوج کی نمائندگی میجر جنرل ٹی وی سیہا اے ڈی جی، بریگیڈیئر راہل آر سنگھ ڈی ڈی جی، بریگیڈیئر روہن آنند، کرنل گورو سنن، لیفٹیننٹ کرنل پی ایم سنگھ، اے ڈی جی جناب کے جے ایس چوہان، اے ڈی جی جناب جی ایس راجیشورن اور اودھم پور کے ڈی ای او جناب وی کے بھاٹیا نے کی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ اگلے کچھ دنوں میں جموں و کشمیر سرکار اور دفاعی حکام کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے جائیں گے، جس کے تحت ایک ہوائی پٹی کی تعمیر کی جائے گی، جس کی دیکھ بھال جموں و کشمیر سرکار کرے گی۔ اس کے علاوہ زمین کا ایک اضافی ٹکڑا جو اس ہوائی پٹی کی تعمیر کے لئے درکار ہے، وہ فی الحال فوج کے قبضے میں ہے، جو جلد ہی فراہم کرایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ نئی ہوائی پٹی سول حکام اور بھارتی فوج دونوں کے مشترکہ استعمال کے لئے ہوگی۔

البتہ ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ حکومت بھارتی فوج کی ترجیحات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے اور وہ فوجوں کی ضرورتوں کے بارے میں بہت حساس ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس بات پر غور کرتے ہوئے مفاہمت نامے کے مطابق فوجی حکام کو اختیار ہوگا کہ وہ مختلف معاملات پر ترجیحات کے لحاظ سے کام کریں۔

ڈاکٹر جتیندر نے کہا کہ کشتواڑ میں ایک مکمل ہوائی پٹی کی تعمیر کے ساتھ شہر کو پورے سال ہوائی جہازوں کے اترنے اور پرواز کرنے کی سہولت فراہم ہوجائے گی اور اگرچہ تجارتی پروازیں مستقبل قریب میں بھی ممکن نہیں ہیں، لیکن سرکاری طیاروں، چارٹرڈ پروازوں اور ایمرجنسی پروازوں کی سہولت فراہم ہوسکے گی۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دفاع کے وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش راؤ بھامرے کی، فوجی حکام اور سول انتظامیہ کی اس مشترکہ میٹنگ کا اہتمام کرنے میں کوششوں کو سراہا۔ اس میٹنگ کا مقصد فیصلوں اور منظوریوں کے عمل میں تیزی لانا تھا۔ انھوں نے جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور مقامی ایم ایل اے جناب سنیل شرما کی طرف سے وقتاً فوقتاً دی گئی رائے کو بھی سراہا۔

 

 

U-340



(Release ID: 1516913) Visitor Counter : 166


Read this release in: English , Hindi