ریلوے کی وزارت

‘‘ریلوے کے ذریعے ہمہ گیر ترقیات’’ کے موضوع پر قومی ریل نقل و حمل مذاکرے کا اہتمام

Posted On: 13 JAN 2018 4:25PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،15/جنوری۔ نقل و حمل تحقیق اور انتظام کا مرکز (سی ٹی آر اے ایم)، ملک میں نقل و حمل سے وابستہ پیشہ وران کے ایک خودمختار انجمن ہے۔ اس ادارے نے ‘‘ریلوے کے ذریعے ہمہ گیر ترقیات’’ کے موضوع پر 13 جنوری 2018 کو نئی دہلی میں ایک قومی ریل نقل و حمل مذاکرے کا اہتمام کیا۔ ریلوے کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزارت مواصلات جناب منوج سنہا، جو کنہیں ناگزیر وجوہات کی بنا پر اس مذاکرے میں شریک نہیں ہوسکے، انھوں نے اس مذاکرے کے لئے اپنی جانب سے جو پیغام ارسال کیا، اس پیغام میں وزیر موصوف نے کہا ہے کہ ‘‘ہمہ گیر ترقیات ایک غیرمعمولی چنوتی کی حیثیت رکھتی ہے اور بھارتی ریلوے کے لئے یہ ایک موقع بھی ہے۔ بھارتی ریلوے بھارت کی اقتصادی ترقی میں ایک اہم ذریعہ ہے۔ جہاں ایک طرف بھارتی ریلوے ہمہ گیر ترقیات میں خاطرخواہ تعاون دیتی ہے وہیں اسے اس طرح کی ہمہ گیر ترقیات کے لئے ایک مشعل بردار کے طور پر اپنے آپ کو مستحکم بنانے کے لئے ایک واضح اور منفرد حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ مذاکرہ ریلوے کے شعبے کی بھلائی کے لئے نئے نظریات و خیالات سامنے لائے گا۔’’ 

اس مذاکرے میں کلیدی خطبہ رکن ٹریفک، ریلوے بورڈ اور بلحاظ عہدہ، صدر سی ٹی آر اے ایم جناب محمد جمشید نے دیا۔ استقبالیہ خطبہ سی ٹی آر اے ایم کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور سکریٹری جناب آر کے ٹنڈن نے دیا۔ دیگر مقررین میں ایم ڈی ڈی ایم آر سی جناب منگو سنگھ اور اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر کنیچی یوکویاما کے نام شامل ہیں۔ 

اپنے کلیدی خطبے میں جناب محمد جمشید، رکن ٹریفک، ریلوے بورڈ، نے کہا کہ انھیں پورا یقین ہے کہ آج زیر بحث موضوع یعنی ‘‘ہمہ گیر ترقیات کے لئے ریلوے’’ ازحد افادیت کا حامل موضوع ہے اور بھارت جیسی معیشت میں اس کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے، کیونکہ یہ معیشت نمو کے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔ اب جیسے جیسے ملک میں تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ویسے ویسے ترقیاتی متبادل جو اس سطح پر وضع کئے جارہے ہیں انھیں بھی اہمیت حاصل ہوتی جائے گی اور طویل المدت ہمہ گیر ترقیات کے لئے یہ اپنے آپ میں ازحد اہم ہوں گے۔ بھارتی ریلوے فی الحال دنیا کے سب سے بڑے ریل نیٹ ورک میں شمار ہوتی ہے اور اس کا حیطۂ عمل 66 ہزار روٹ کلومیٹر پر محیط ہے۔ بھارت کی ترقی کے ایک وسیلے کے طور پر اس کی اپنی اہمیت ہے اور محترم وزیراعظم اس کا اکثر حوالہ دیتے ہیں۔ یہ نیٹ ورک روزانہ 20 ہزار سے زیادہ ریل گاڑیاں چلاتا ہے اور 3 ملین ٹن سے زیادہ مال بھاڑہ نقل و حمل اور 23 ملین سے زائد مسافروں کو یومیہ آمد و رفت کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ 

(م ن ۔ م ر( 
U-295



(Release ID: 1516703) Visitor Counter : 53


Read this release in: English