امور داخلہ کی وزارت
راج ناتھ سنگھ نے مرکزی مسلح دستوں کی شکایات کے تدارک کے لئے
وزارت داخلہ کی موبائل ایپلی کیشن کا آغاز کیا
Posted On:
11 MAY 2017 7:24PM by PIB Delhi
نئی دہلی،12۔ مئی ۔ مرکز ی وزیر داخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے سینٹرل آرمڈ پولیس فورس یعنی مرکزی مسلح دستوں (سی اے پی ایف ) کے عملے کی شکایات کے تدارک کے لئے وزارت داخلہ کی موبائل ایپلی کیشن فار گریوانس ریڈریسل کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر اپنی تقریر میں وزیرداخلہ جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے پچھلے سال حیدرآباد میں منعقد ہونے والی ڈی جی پی کانفرنس میں اس ایپ کی تجویز پیش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک وقوم کے لئے کام کرنے والے ہرجوان سے رابطہ قائم رہے ۔انہوں نے انتہائی مختصر مدت میں یہ ایپلی کیشن تیار کرنے کے لئے بی ایس ایف کو مبارکباد بھی دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مرکزی مسلح دستے (سی اے پی ایف ) ازحدمنظم مسلح دستوں کی حیثیت رکھتے ہیں ۔اگر یہ دستے مربوط ومنظم ہیں تو اس کا یہ مطلب قطعی نہیں ہوتا کہ وہ جذبات سے عاری ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے بھی کچھ ذاتی مسائل ہوسکتے ہیں اور ہمارا نظام وقتاََ فوقتا ََ ان کی شکایات کے تدارکے اقدامات کرتا رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیرنظر ایپلی کیشن کی ضرورت اس وقت پڑے گی جب مسلح دستے کے جوانوں کا خیال ہو کہ ان کے مسائل پر وزارت داخلہ کی توجہ ہونی چاہئے ۔ اس ایپلی کیشن کے آغاز سے جوانوں کو اپنی شکایات درج کرانے کا ایک ڈجیٹل متبادل دستیاب ہوگیا ہے اور اب مسلح دستوں کے جوانوں سے ان کافاصلہ محض ایک بٹن دبانے بھر کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہرماہ اس ایپلی کیشن کے ڈیسک بورڈ کا جائزہ لیں گے اور جوانوں کی شکایات کے تدارک کے عمل کی نوعیت پر نظر رکھیں گے اور جہاں بھی ضرورت پڑ ی ، وزارت داخلہ کی جانب سے ضروری اقدام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر فردکو موجودہ تکینکی انقلاب کے فائدے پہنچائے جانے چاہئیں ۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر نیک نیتی ، محنت اورلگن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کے لئے سی اے پی ایف کے جوانوں کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار جوانوں کی فلاح کے لئے مسلسل کوششیں کررہی ہے اور جمود کو توڑنے کی غرض سے 34 ہزار جوانوں کو ترقی دے کر ہیڈ کانسٹبل بنادیا گیا ہے اور ملک وقوم کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے کنبوںکو کم از کم ایک کروڑروپے کی مالی امداد دی جانی چاہئے ۔ اس کے لئے سرکار نے حال ہی میں ،’’ بھارت کے ویر ‘‘ کےعنوان سے ایک ویب پورٹل بھی شروع کیا ہے ، جس کی مددسے اپنےفرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کی قربانی دینے والے بہادر جوانوں کے کنبوں کو مالی امداد دینے کے خواہشمند اپنے عطئے دے سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پورٹل بہت ہی ہردلعزیز ثابت ہوا ہے۔
واضح ہوکہ بارڈر سکیورٹی فورس نے اس موقع پر جو ’’بی ایس ایف مائی ایپ ‘‘ شروع کیا ہے ، اسے بی ایس ایف کے عملے کی شکایات کے تدارک کے ساتھ ساتھ مختلف دیگر خدمات اور مقامات کار پر متعین جوانوں کی فلاح سے متعلق امور کی ضروریات کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ اس سے جوانوں کی تنخواہ ، جی پی ایف ، چھٹیوں اور ڈیپوٹیشن سے متعلق مسائل کے تدارک کا ایک نظام دستیاب کرایا جاسکے گا ۔ اس ایپلی کیشن کی ایک انتہائی اہم بات ،’’ فائنانشیل لٹریسی ماڈیول ‘‘ ہے جو نہ صرف یہ کہ جوانوں کو ان کی بچت کی سرمایہ کاری کے بارے میں معلومات فراہم کراتا ہے بلکہ محفوظ اورباقاعدہ طریقے سے ان کی بچت کی سرمایہ کاری کو یقینی بناتا ہے ۔
اس موقع پر مرکزی مسلح دستوں (سی اے پی ایف ) کے ڈائریکٹر جنرل حضرات ،وزارت داخلہ اور سی اے پی ایف کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰
م ن ۔ س ش ۔ رم
U-2237
(Release ID: 1489713)